سرکاری سکیم کے عازمین حج کو معیاری کھانا فراہم کر رہے ہیں،فوڈ انچارج
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)مدینہ منورہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری سکیم کے تحت پہنچنے والے عازمین کو تین وقت کا کھانا فراہم کرنے کے لئے 11 کیٹرنگ کمپنیوں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مدینہ منورہ میں حج مشن کی طرف سے تعینات فوڈ انچارج فیض عمر سیال نے اے پی پی کو بتایا کہ پیر کی رات تک ہم نے مدینہ منورہ میں 14676 عازمین کے رات کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں 30 رہائش گاہوں پر تین وقت کا معیاری کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ جس میں ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور ڈنر شامل ہے۔ ابھی تک عازمین کی طرف سے حج مشن کو کھانے کے حوالے سے 6 شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا ازالہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حاجیوں کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ کسی کو کوئی مسلۂ نہ ہو مگر جہاں اتنی بڑی تعداد ہو وہاں کوئی بھی کسی کو 100 فیصد مطمئن نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بھارتی مسلمان عازمین بھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں جنھیں ہم کھانے پینے کے حوالے سے پریشان دیکھتے ہیں اس کے مقابلے میں مجموعی طور پر پاکستانی عازمین انتہائی مطمئن ہیں۔ اے پی پی کی طرف سے سرکاری سکیم کے عازمین کی رہائش گاہوں کے کئے گئے سروے کے مطابق بعض عازمین کھانے کی ٹائمنگ، ٹھنڈی روٹی اور اپنے من چاہے کھانوں کے حوالے سے شکایت کرتے ہیں۔ بعض عازمین کا کہنا تھا کہ کھانا لینے کے اوقات کی وجہ سے ان کی عبادات متاثر ہوتی ہیں۔ عازمین کو ریاض الجنہ میں موبائل ایپ اعتمرنا کے ذریعہ بکنگ حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ موبائل ایپ اعتمرنا کے ذریعہ ریاض الجنہ میں عبادت کیلئے اجازت حاصل کرنا مشکل ہے۔ اس ضمن مدینہ حج مشن کی طرف مسجد نبوی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے جس میں یہ طے پایا کہ عصر اور مغرب کے درمیان پیشگی اجازت کے بغیر روزانہ 100 سے 150 پاکستانی عازمین ریاض الجنہ میں حاضری دے سکیں گے۔
فوڈ انچارج