لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے سابق بیٹراحمد شہزاد نے کپتان بابر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنادیا۔
سابق کرکٹراحمد شہزاد نے ایک ٹاک شو میں ان کے اور بابر اعظم کے ٹی 20ورلڈ کپ کے اعدادوشمار کے درمیان موازنہ دکھایا ۔ بابر اعظم کے "کنگ" کے ٹیگ کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں "جعلی کنگ" کہہ کر شہزاد نے کہا کہ بابر کے اعدادوشمار ان سے بھی بدتر ہیں۔ یہی نہیں، انہوں نے بابر اعظم پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ اپنے دوستوں کے کیریئر کو بچانے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو بڑھنے نہیں دے رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بابر نے آج تک ٹی 20ورلڈ کپ کے 22 میچز میں 112 کے خراب سٹرائیک ریٹ پر517 رنز بنائے ہیں، ان کے مقابلے میں انہوں نے 9 میچوں میں 126 کے سٹرائیک ریٹ سے 250 رنز بنائے، اور یہاں تک کہ ان کے نام ایک سنچری بھی ہے۔
احمد شہزاد نے بابر اعظم پر الزام لگایا کہ22سالہ بیٹر صائم ایوب کی ترقی رکنے کے ذمہ دار وہ ہیں،انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی ڈویلپمنٹ کا خیال رکھنا آپ کی ذمہ داری تھی لیکن اب اس کا کیریئر کم عمر میں ختم ہو چکا ہے۔ لوگ صرف 25 میچز کے بعد صائم ایوب پر تنقید کر رہے ہیں۔
احمد شہزاد نے کپتان بابر اعظم سے کہا ہے کہ وہ اپنی اور ٹیم کی خراب کارکردگی کا احتساب کریں کیونکہ پاکستان ٹی 20ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے سے باہر ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب آپ کم سے کم یہ کر سکتے ہیں کہ اپنا ہاتھ اٹھائیں، قبول کریں کہ آپ کو سپورٹ حاصل تھی اور معذرت کریں کہ وہ پاکستان کو ٹرافی نہ دلاسکے۔