پاکستان میں الیکشن ہر صورت ہونا چاہئیں : امریکی خفیہ داروں کی رائے
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کی 16 خفیہ ایجنسیوں نے حالیہ رپورٹ میں پاکستان میں مئی 2013 ءمیں ہی الیکشن ناگزیر قرار دیے ہیں۔ان ایجنسیوں نے ”ورلڈ وائڈ تھریٹ اسیسمنٹ“ کے نام سے جاری رپورٹ میں کانگریس کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی بھرپور توجہ افغانستان سے نیٹو فورسز کی واپسی پر مرکوز ہے اور پاکستانی حکومت نے افغان حکومت سے تعلقات کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش بھی کی ہے۔ پاکستان میں طالبان کی طرف سے حملوں میں کمی آئی ہے البتہ حکومت ابھی تک اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں، بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے لیکن دہشت گردی اور علاقائی تنازعات پر ابھی تک سنجیدگی سے بات چیت کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔