عمران خان کو’نانی ‘ یاددلانے سے پہلے ’ابا ‘یاد آگئے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سونامی راج شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تیئس مارچ کو نیا پاکستان بنانے جا رہے ہیں اور اس دن فیصلہ ہو گا کہ کرپٹ سیاستدان جیتتے ہیں یا پھر نوجوانوں کا جنون۔ یہ جلسہ نہیں جنگ ہوگی۔ عمران خان نے نوجوانوں کو جذباتی کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد بتاتے تھے کہ انیس سو چالیس میں وہ بھی مینار پاکستان کے جلسے میں شریک تھے۔ وہ تاریخ کا حصہ ہیں اور اب انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ممبران اس جلسے میں شرکت کرکے آنے والی تاریخ کا حصہ بنیں گے۔ عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خود غرض، بزدل اور جھوٹا لیڈر نہیں بن سکتا۔ آپ مستقبل کے لیڈر ہیں۔ مینار پاکستان کے جلسے میں محنت آپ کریں کامیابی اللہ دے گا۔ اختتام پر بارش شروع ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ سونامی کا راج شروع ہو گیا۔