پیپلز پارٹی کا پرانا منشور نئے انتخابی چارٹر کے ساتھ جاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز نے روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، صحت اور روزگار سب کیلئے کے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا، بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کیلئے عملی اقدامات کرنے اور کم از کم اجرت اٹھارہ ہزار روپے کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ منشور کا اعلان مخدوم امین فہیم نے کیا ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور وزیر دفاع نوید قمر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ منشور کے مطابق پانی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں، ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت تجارت اور زرعی شعبے میں بہتری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پچاس لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے، آبی وسائل کو ترقی دینے، سڑکوں کی تعمیر اور چھوٹے تجارتی اداروں کے لیے سہولتیں بھی منشور میں شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے خواتین، اقلیتوں، نوجوانوں اور مستحق افراد کو قومی دھارے میں لانے، تجارتی شعبے میں خواتین کو مراعات دینے اور دو ہزار اٹھارہ تک لازمی پرائمری تعلیم کو بھی منشور کا حصہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی بنیادی ضروریات سات نکاتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ صحت اور بہبود کیلئے خصوصی مراکز، دو ہزار اٹھارہ تک پولیو کا مکمل خاتمہ اور پولیو کے قطرے پلانے والوں کو سیکیورٹی دینا بھی پیپلز پارٹی کے چارٹر میں شامل ہے جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غربت کا خاتمہ بھی منشور کا حصہ ہے۔