مہاجر ”نمبردار“ کیوں نہیں بن سکتا، تعصب ختم کیا جائے:ایم کیو ایم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے غیر سندھی سیٹلڈ کو نگران وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے تعصب سے بالاتر ہو کر فیصلہ کیا جائے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر پیدا ہونے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے لئے تعصب سے بالاتر ہو کر فیصلہ کیا جائے اور قدیم سندھیوکی طرح مہاجروں کو بھی نگران وزیراعلیٰ کیلئے اتنا ہی اہل سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ”کہا جا رہا ہے کہ سندھ کی وزارت کیلئے مہاجر کا نام قبول نہیں کیا جائے گا“۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاجر خود کو سندھ دھرتی کا بیٹا اور اردو بولنے والے کو سندھی سمجھتے ہیں، سندھ کا بیٹا تسلیم نہ کیا تو ہماری جدوجہد مہاجروں کے حقوق کیلئے ہو گی۔رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے فریادیں لکھنے والا قلم توڑ دیا ہے۔