ملک میں روپے کی قدر میں کمی سٹہ بازی کی وجہ سے ہوئی: خرم دستگیر

ملک میں روپے کی قدر میں کمی سٹہ بازی کی وجہ سے ہوئی: خرم دستگیر

اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کے لیے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام لائے گی، ملک میں روپے کی قدر میں کمی سٹہ بازی کی وجہ سے ہوئی تھی لیکن حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اب یہ بڑھ گئی ہے معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے تمام اقدمات کئے جا رہے ہیں۔گزشتہ روز ایک انٹرویو میں وفاقی وزیرنے کہا کہ مالیاتی منڈی میں اچانک تبدیلی سے تاجروں کو بڑا نقصان ہوا تاہم اب مارکیٹ مستحکم ہو جائے گی۔ پاکستان کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان پوری دنیا خاص طور پر وسط ایشیائی ملکوں کیلیے بہترین منڈی ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈالر کا وسیع کاروبار ہوتا ہے اور تاجروں کا ایک گروپ اپنی رقم کا ایک مخصوص حصہ بیرون ممالک رکھتا ہے، حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ڈالر کو سو روپے پر لائے گی تو حکومت نے وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں مزید کمی، تجارتی روابط کو فروغ اور سرمایہ کارڈالر کی قیمت میں ٹھہراوکے باعث سرمایہ کاری بڑھائیں گے، ملکی معیشت اور جی ڈی پی میں مزید بہتری ہو گی اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔

مزید : کامرس