فٹنس مسائل کے باعث مچل جانسن کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

فٹنس مسائل کے باعث مچل جانسن کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

سڈنی (سپورٹس ڈےسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ باﺅلر مچل جانسن کی فٹنس مسائل کے باعث ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ جانسن جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد آرام کی غرض سے واپس وطن لوٹ آئے تھے تاکہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز میں تازہ دم ہو کر بھرپور انداز میں ٹیم کی نمائندگی کر سکیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو ہی پیش نظر رکھتے ہوئے انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ جانسن جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران پاﺅں کی انجری میں مبتلا ہو گئے تھے، کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق جانسن ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوئے جس کی وجہ سے وہ آسٹریلوی سکواڈ کے ہمراہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش نہیں جائیں گے۔ آسٹریلیا کے چیف میڈیکل آفیسر جسٹن پاﺅلینی کا کہنا ہے کہ ہم ان کی انجری کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں امید ہے کہ وہ میگا ایونٹ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جیمز فالکنر بھی بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی