بھارتی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے آج بنگلہ دیش روانہ ہو گی
ممبئی (سپورٹس ڈیسک)بھارت کی ٹیم مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں جیت کا عزم لئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے آج بنگلہ دیش روانہ ہو گی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز 16 مارچ سے ہو گا۔ بھارتی ٹیم میگا ایونٹ میں 2007ء کی تاریخ کو دوہرانے کی کوشش کرے گی، بھارت نے 2007ء میں منعقدہ ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ مہندرا سنگھ دھونی جو کہ فٹنس مسائل کے باعث ایشیا کپ میں ٹیم کی قیادت نہیں کر سکے تھے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دوبارہ ٹیم جوائن کریں گے۔ بھارتی ٹیم ایونٹ سے قبل سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔ کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کے حکام کے مطابق دھونی اور کوچ ڈنکن فلیچر بنگلہ دیش روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے ۔
البتہ ڈھاکہ پہنچنے کے بعد وہ وہاں پر پریس کانفرنس کریں گے۔