فیفا رینکنگ،عالمی چیمپئن سپین بدستور پہلے نمبر پر براجمان

فیفا رینکنگ،عالمی چیمپئن سپین بدستور پہلے نمبر پر براجمان

زیورخ (اے پی پی) عالمی چیمپئن سپین کی ٹیم فیفا کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، بیلجیئم کی ٹیم ایک درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں پہنچ گئی۔ میکسیکو اور جمہوریہ چیک کی ٹیمیں بھی ایک، ایک سیڑھی چڑھ کر ٹاپ ٹونٹی اور ٹاپ تھرٹی میں شامل ہو گئیں۔ پاکستانی ٹیم 7 درجے چھلانگ لگا کر 158 ویں نمبر پر پہنچ گئی۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں پہلی پانچ پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، سپین پہلے، جرمنی دوسرے، ارجنٹائن تیسرے، پرتگال چوتھے اور کولمبیا کی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے، یورو گوئے ایک درجہ ترقی پا کر چھٹے، سوئٹزرلینڈ ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو ساتویں نمبر پر آ گئی، اٹلی اور برازیل کی ٹیمیں آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں، بیلجیئم کی ٹیم ایک درجہ بہتری کے بعد ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئی، انگلینڈ کی تین درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 12 ویں نمبر پر پہنچ گئی، یونان، امریکہ اور چلی کی ٹیموں کی ایک ایک درجے تنزلی ہوئی ہے، روس کی ٹیم تین اور میکسیکو کی ٹیم ایک درجہ ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئیں۔

بوسنیا اور ڈنمارک کی ٹیمیں تنزلی کا شکار ہو ٹاپ ٹونٹی فہرست سے باہر گئیں۔ مصر کی 12، پاناما کی تین، سربیا، جمہوریہ چیک، الجیریا اور ایکوا ڈور کی ٹیموں کی ایک، ایک درجے بہتری آئی ہے۔ پاکستانی ٹیم سات درجے ترقی پانے کے بعد 158 ویں نمبر پر پہنچ گئی، ویتنام کی ٹیم کی اٹھارہ درجے بہتری ہوئی ہے، میانمر کی ٹیم سب سے زیادہ 43 درجے اور فلسطین کی 23 درجے تنزلی ہوئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی