پولیس نے عمر اکمل کی ’جان ‘نہ چھوڑی
لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شہزادہ مظہر نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کے ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کے لئے سی ٹی او کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس معطل کرنے کے لئے دائر درخواست پرفریقین کودوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔عمر اکمل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کا الزام لگا کر ان کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کے لئے چیف ٹریفک آفیسر لاہور کی جانب سے بلاجواز شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔عمر اکمل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت کسی بھی الزام کی صورت میں سمری ٹرائل کی بجائے شفاف ٹرائل کا حق ہر شہری کا بنیادی فرض ہے مگر عمر اکمل کا موقف سنے بغیر یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جو آئین پاکستان اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔عدالتی حکم کے باوجود سی ٹی او کی جانب سے جواب داخل نہ کرایا گیا۔جس پرعدالت نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کے ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کے لئے سی ٹی اوکی جانب سے جاری شوکاز نوٹس معطل کرنے کے لئے دائر درخواست پرفریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم اپریل کو جواب طلب کر لیا۔