پاک بھارت بہتر تعلقات کے لئے کوششیں جاری رکھنا ہونگی،حمزہ شہباز

پاک بھارت بہتر تعلقات کے لئے کوششیں جاری رکھنا ہونگی،حمزہ شہباز

لاہور( سپیشل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ محبت کی زبان کا اثر سرحد کے پاربھی جاتاہے ۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت بھارت سے تعلقات کے حوالے سے آج بھی اپنے 1997کے موقف پر قائم ہے جب واجپائی دوستی بس پر لاہور آئے تھے ا ور مینار پاکستان کے سائے تلے دونوں ملکوں کے درمیان برابری کی بنیاد پربرادرانہ تعلقات کا اعلان کیاتھا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماڈل ٹاﺅن میںمعروف بھارتی اداکار اوم پوری کے ہمراہ میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ وزیر اعظم نوازشریف ہمسایہ ملکوں سے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کی ٹھوس کمٹمنٹ پر عمل پیرا ہیں ۔آج کا دور اقوام کے درمیان روایتی جنگ و جدل کی بجائے معاشی مسابقت کا زمانہ ہے ۔پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کے درمیان روایتی کشیدگی کو ختم کرکے اپنے اپنے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی دوڑ شروع ہونی چاہیے ۔حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ حال ہی میں پاکستانی اور بھارتی پنجاب کے درمیان پنجاب سپورٹس فیسٹول کے سلسلہ میں کبڈی ،ریسلنگ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں اور محبت میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنوں ملکوں کو باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے اور فاصلوں کو مزید کم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی اداکار اوم پوری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے جو جھگڑے کا باعث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں لاہو رمیں جو اپنائیت اور محبت ملی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ پاک بھار ت تعلقات خراب ہونے کی خبریں محض افواہیں ہیں انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے قریبی تعلقات اور باہمی محبت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر