اوکاڑہ پولیس نے 2ماہ قبل قتل کے 2ملزمان کوگرفتار کرلیا

اوکاڑہ پولیس نے 2ماہ قبل قتل کے 2ملزمان کوگرفتار کرلیا


لاہور(کرائم سیل ) اوکاڑہ پولیس نے 2ماہ قبل اکبر روڈ اوکاڑہ کے رہائشی منیر احمد کے بیٹے آصف منیر کے قتل کی تفتیش کرتے ہوئے 2ملزمان مظہر اقبال اور محمد ریاض کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق، مقتول آصف منیر 27جنوری 2014 ؁ء کو اپنی ایزی لوڈ کی دکان پر موجود تھا کہ اچانک دو نامعلوم افراد 70ccموٹر سائیکل پر PCOمیں داخل ہوئے انہوں نے آصف منیر سے رقم کا مطالبہ کیا انکار پر انہوں نے آصف منیر پر پسٹل سے فائر کیا جس کے نتیجے میں آصف منیر زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔یاد رہے کہ مورخہ 27جنوری کو لوگوں کی بڑی تعداد نے اس قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نہ صرف لاہور ملتان روڈ کو بلاک کر دیا تھا بلکہ ریلوے ٹریک پر دھرنا دے کر ٹرین کو بھی روک لیا تھا۔ڈی پی او اوکاڑہ بابر بخت قریشی کے مطابق تھانہ صدر اوکاڑہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ جس کی تفتیش سب انسپکٹر جاوید خان انچارج انوسٹی گیشن تھانہ Aڈویژن اوکاڑہ نے کی۔ دوران تفتیش پولیس کو معلوم ہوا کہ وقوع کے روزPCOکے مالک نے کل 122موبائل فون کارڈ بیچے ۔ جن کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے 150افراد کو شامل تفتیش کیا گیا۔ ان میں سے ایک کارڈ جو وقوعہ سے کچھ وقت قبل سکریچ کیا گیا تھا اس کا سیریل نمبر متعلقہ کمپنی سے چیک کیا گیا جو موبائل فون نمبر 0323-6944263میں استعمال ہوا تھا ۔ اس نمبرکے ریکارڈ کے مطابق یہ سم محمد ریاض ولد غلام نبی ، فضل ٹاؤن اوکاڑہ کے نام تھی۔ محمد ریاض مورخہ 25-01-2014کو سعودی عرب سے پاکستان آیا تھا اور بروز وقوعہ اپنے بہنوئی مظہر اقبال ولد محمد اقبال سکنہ 45/GDکے ہمراہ موبائل میں کارڈ لوڈ کروانے کے لئے مقتول محمد آصف کے PCOپر گیا۔ جہاں بیلنس کم آنے پر مقتول کے ساتھ تکرار ہوگئی۔ ملزمان طیش میں آکرمحمدآصف پرفائرنگ کرتے ہوئے موقعہ سے فرار ہوگئے۔دونوں ملزمان مظہر اقبال اور محمد ریاض کو گرفتار کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید : علاقائی