امریکی خفیہ ایجنسی نے فیس بک کا روپ دھار لیا
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک تازہ خبر کے مطابق امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی فیس بک کا روپ دھار کر صارفین کے کمپیوٹرز سے معلومات اکٹھی کرتی رہی ہے۔ ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے افشاں کئے جانے والے دستاویزات کے حوالے سے یہ تازہ ترین انکشاف ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کو امریکی ایجنسی کوانٹم ہینڈ کا نام دیا۔ اس پروگرام کے مطابق ”این ایس اے“ فیس بک کے سرور کا روپ دھار کر ٹارگٹ کے کمپیوٹر میں ایک کوڈ انسٹال کرتی ہے جس کے بعد اسے اس کمپیوٹر کا مکمل کنٹرول اور معلومات حاصل ہوجاتی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ طریقہ 2010ءمیں قریباً ایک درجن اہداف پر استعمال کیا گیا تھا لیکن اس کا دائرہ کار مسلسل بڑھایا جاتا رہا جس کا مقصد صرف سو سے ڈیڑھ سو افراد کی معلومات حاصل کرنا تھا لیکن پھر ایک خود کار نظام بنایا گیا اور لاکھوں کمپیوٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔ مزید یہ کہ امریکی ایجنسی ای میلز کے ذریعے بھی کمپیوٹرز میں وائرس بھیجنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے ذریعے وہ ویب کیم سے تصاویر بھی کھینچ سکتے ہیں اور اس کے نزدیک ہونے والی گفتگو بھی ریکارڈ کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ سنوڈن جو کہ امریکی سیکیورٹی ایجنسی کے سابق کارکن ہیں کے انکشافات کے بعد سے امریکی سیاست میں بحران کی سی کیفیت ہے اور کہا جارہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے لوگوں کی جاسوسی کرنے کے لئے اختیارات سے تجاوز کیا۔