5سال کے دوران پاک ایران دو طرفہ تجارت کا حجم 5ارب ڈالر تک بڑھایا جائیگا
کراچی ( اکنامک رپورٹر) آئندہ پانچ سال کے دوران پاک ایران دو طرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا ۔ وزرات تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ پاک ایران دو طرفہ تجارت میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمہ سے ہمسایہ ممالک کی باہمی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت دونوں ملکوں کی تجارت کا حجم 10 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہے جبکہ 5 سال قبل اس کا حجم 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا ۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے لئے اچھی درآمدی منڈیاں ثابت ہو سکتے ہیں جس سے نہ صرف دو طرفہ تجارت کا فروغ بلکہ قومی برآمدات کے اضافہ میں بھی مدد ملے گی ۔