آرمی چیف نے اپنے جیسی قابل ، ایماندار قیادت تیار کر لی ہے، ایس ایم ظفر

آرمی چیف نے اپنے جیسی قابل ، ایماندار قیادت تیار کر لی ہے، ایس ایم ظفر

  

لاہور(فلم رپورٹر)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے جیسی قابل ، ایماندار، مخلص، محب وطن اور فرض شناس قیادت تیار کر لی ہے جو انکی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انکی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔پاکستان میں چاروں مارشل لاء سیاستدانوں کی ناکامیوں اور اپنی لڑائیوں کی وجہ سے لگے۔ مستقبل میں طالبان کی پاکستان اور افغانستان کے ساتھ صلح کے نتیجے میں دھشت گردی بالکل ختم ہو جائیگی ۔ان خیالات کا اظہار ٹیک سوسائٹی کلب میں ہونیوالے پاکستان ویژنری فورم کے 52 اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر ڈاکٹر ایس ایم ظفر نے کیا۔ کانفرنس میں جسٹس (ر) شریف حسین بخاری، زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد صادق، سابق وزیر مملکت قیوم نظامی ، سابق ڈی جی انٹیلی جنس بیورو میجر (ر) شبیر احمد، ڈاکٹر حسیب اللہ، انجینئیر محمود الرحمن چغتائی ، انجینئیر عبد المجید خان، علینہ ٹوانہ، سلمان عابد، جمیل گشکوری، یعقوب چودھری، ڈاکٹر اکرام کوشل، پروفیسر مشکور احمد اور عزیز الرحمن میاں نے بھی اظہار خیال کیا۔ جسٹس (ر) شریف حسین بخاری نے کہا کہ جنرل راحیل نے کامیاب ضرب عضب کے ذریعے ایسی سیکیورٹی بنا دی ہے جس کا دو سال قبل تصور بھی نہیں تھا۔ ہمیں شخصیات پر انحصار کرنے کی بجائے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ قیوم نظامی نے کہا کہ پاکستان میں چار قسم کی حکمران قیادتیں پائی جاتی ہیں ایک وہ جو ملک کا نظام چلاتی ہیں، دوسری وہ جو ڈرا کر حکومت کرتیں ہیں،تیسری وہ جن کا عوام مذاق اڑاتی ہیں اور چوتھی وہ جن سے عوام محبت کرتی ہے جنرل راحیل شریف ایسے آرمی چیف ہیں جن سے عوام محبت کرتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں جنرل راحیل شریف کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے امریکہ، برطانیہ، چائنہ اور سعودی عرب بالخصوص انکی ایکسٹینشن کیلئے دباؤ ڈالیں گے۔ قیوم نظامی نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی ایکسٹینشن کیلئے چاہے قانون میں تبدیلی کرنی پڑے کی جائے۔ ایس ایم ظفر نے کہا کہ نیب کی اہمیت کو کم کرنے کیلئے ایک اور ادارے کو اس پر مسلط کرنے کیلئے قانون سازی کی کوششیں کی جائینگی جو کہ بالکل غلط اقدام ہوگا۔ قومیں اپنے پختہ ارادوں کی وجہ سے کامیاب ہوتی ہیں اور جنرل راحیل شریف ایسے ہی پختہ ارادوں کے مالک جرنیل ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -