بارشوں کی وجہ سے ڈینگی بریڈنگ سپاٹس میں لاروا کی افزائش زیادہ ہوگی ،خواجہ سلمان

بارشوں کی وجہ سے ڈینگی بریڈنگ سپاٹس میں لاروا کی افزائش زیادہ ہوگی ،خواجہ ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی بریڈنگ سپاٹس میں لاروا کی افزائش زیادہ ہوگی جس کے تدارک کیلئے وسیع پیمانے پر کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ یہ اجلاس کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہوا۔ اجلاس میں . صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ، چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج علی جان ، ڈاکٹر وسیم اکرم، کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود، ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور شیخو پورہ کے انتظامی سربراہوں، سرکاری محکموں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہان نے شرکت کی . اجلاس میں صوبے اور بالخصوص راولپنڈی میں ڈینگی کی اب تک کی صورتحال ، سرکاری محکموں اور ادارو ں کی کارکردگی ، مستقبل کی منصوبہ بندی ، عملے کی تربیت ، مانیٹرنگ ، خالی آسامیوں پر تقرری ، عوامی آگاہی مہم ، ان ڈور آوٹ ڈور سرویلنس، فوگنگ اور سنٹری پٹرول و ڈینگی ورکرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی سیزن کے آغاز سے قبل ہی پنجاب میں مقررہ ایس او پی کے مطابق تمام محکموں اور اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے اور تمام تر ضروریات پوری کر کے سرکاری محکمو ں کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت کئی دیگر علاقوں میں ڈینگی لاروا برآمد ہو رہا ہے جسے تلف کرنے اور اس عمل میں عوامی شرکت یقینی بنانے کے لئے بھرپورطریقہ سے کام جاری رکھا جائے۔ انہو ں نے اجلاس کے دوران قبرستانوں ، کباڑ خانوں ، ٹرانسپورٹ اڈوں ، پارکس، زیر تعمیر عمارتوں اوور ہیڈ اور زیر زمین پانی کے ٹینکوں ، کھلے مقامات پر جمع ہونے والے پانی کے ذخیروں میں لاروا کی تلاش اور لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی طریقوں سے آگاہی کے لئے جاری سرگرمیوں کی تفصیلات کے بارے میں دریافت کیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی سے غفلت انسانی جانوں کیلئے خطرہ کا باعث بن سکتا ہے . اس لئے تمام ادارے انسانی خدمت اور قومی جذبے کے ساتھ ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات اور سرپرستی میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور ہیومن ریسورس کے ساتھ ساتھ ادویات ، کیمیکلز اور آلات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ اجلاس میں ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے راولپنڈی میں گزشتہ اور سال رواں میں ڈینگی کا تقابلی جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ ڈینگی کنٹرول کیلئے تربیتی کورسز منعقد کیے گئے ہیں اور عوامی آگاہی کیلئے بھی خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے اس موقع پر دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے پیش رفت معلوم کی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -