پاکستان کی شہ رگ کشمیر پر بھارت نے غاضبانہ قبضہ کر رکھا ہے،طارق غوری
لاہور(پ ر)یوتھ فورم فار کشمیر لاہو ر ایک اہم اجلاس زیر صدارت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری ایوان کشمیر لاہور میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں یوتھ فورم فار کشمیر کے کنوئینرز اور عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں 23مارچ کو یوم پاکستان شایان شان طریقہ سے منانے کے لئے پروگرام کو آخری شکل دی گئی ۔ یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام اس سال یوم پاکستان'' کشمیر ''کے نام سے منانے کا فیصلہ کیا گیااس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہا کہ 1940میں قرار داد پاکستان میں مسلم اکثر یتی علاقوں اور مسلم ریاستوں پر مشتمل اسلامی آزاد مملکت کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکتان کی شہ رگ قرار دیاتھا افسوس کہ پاکستان کی شہ رگ پر 68سالوں سے ہمارے ازلی دشمن بھارت نے غاضبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نہ مکمل ہے لہٰذا 23مارچ کو پوری قوم تجدید عہد کر ے کہ ہم نے کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادکرا کے تکمیل پاکستان کا ایجنڈہ مکمل کرنا ہے۔اس سلسہ میں 23مارچ کو یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام'' کشمیر کانفرنس ''کا انعقاد کیا جائے گااور اقوام متحدہ کو حق خود ارادیت کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرنے کے لئے یاد داشت کرائی جائے گی ۔ اجلاس میں حاجی محمد یوسف خان ،شیخ مظہر احمد، نور سمند بھٹی ، شیراز چیمہ ، علامہ حسین احمد اعوان ، اُجالا شفیق اورڈاکٹر رابعہ خان نے شرکت کی۔