میٹرو اور اورنج منصوبوں سے لاہوریوں کی صحت پر منفی اثرات ہوں گے،یاسر گیلانی

میٹرو اور اورنج منصوبوں سے لاہوریوں کی صحت پر منفی اثرات ہوں گے،یاسر گیلانی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ میٹرو اور اورنج منصوبوں کے نتیجے میں لاہوریوں کی صحت پر فوری اور دور رس منفی اثرات ہوں گے۔ گزشتہ برس کراچی شہر میں حرارت کے محبوس ہو جانے سے ہونے والی اموات کی ایک بھیانک مثال دیکھ چکے ہیں۔ اگر اس منصوبے کی تعمیر سے پہلے صحت عامہ پر اثرات کا مکمل جائزہ نہ لیا گیا تو لاہور میں بھی ایسی صورت حال پیش آ سکتی ہے۔ شاہدرہ آفس میں کارکنوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہرین طب کے مطابق اورنج لائن جیسے منصوبوں کی تعمیر کے نتیجے میں پْلوں کے نیچے کاربن مونو آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائڈ اور دھاتی ذرات سے لبریز ہوا ٹھہر کر اکٹھی ہو جاتی ہے ، یہ آلودہ ہوا کینسر کا باعث بنتی ہے۔ ایسی ہوا میں زیادہ دیر سانس لینے سے انسانی ڈی این اے کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آلودگی کی یہ خطرناک ترین صورت انسانی خون میں شامل ہو کر پھیپھڑوں کو متاثر کر تی ہے اور امراض قلب کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 یورپی ممالک کے 312,944 افراد پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق اس آلودگی کی قلیل مقدار بھی خطرناک نتائج مرتب کر سکتی ہے۔ اس قسم کی آلودگی میں معمولی اضافہ بھی کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھا دیتا ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کا تناسب پہلے ہی عالمی معیارات سے بے حد زیادہ ہے، اورنج لائن جیسے منصوبوں کی بے دریغ تعمیر صحت عامہ کی صورت حال کو مزید مخدوش بناسکتی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -