پاکستان کے دل لاہور میں پولو کا سیزن عروج پر ہے، اسفند یار خان

پاکستان کے دل لاہور میں پولو کا سیزن عروج پر ہے، اسفند یار خان

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر جنرل اسفند یار خان پٹودی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دل لاہور میں پولو کا سیزن عروج پر ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ نیشنل پولو اوپن چیمپئن شپ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ پاکستان پولو ایسوسی ایشن کی کوشش ہے کہ پولو کی کوالٹی بہتر ہو اور اس سال پولو کی کوالٹی بہت بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان میں پولو اچھے معیار کی کھیلی جا رہی ہے۔ غیرملکی امپائروں کے آنے سے بھی بہت فرق پڑا ہے۔ جنرل اسفند یار پٹودی کا کہنا تھاکہ اس سیزن میں کئی نوجوان کھلاڑی سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے ٹیمیں مضبوط اور بیلنس ہوئی ہے۔ ہر ٹیم میں غیرملکی کھلاڑی بھی بہتر پرفارم کر رہے ہیں ۔

جس سے دوسری ٹیم پر پریشر اور بڑھ جاتا ہے۔ آرمی ری ماؤنٹس کی ٹیم نے بھی اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لاہور پولو کلب میں پولو کے ہائی گول سیزن کے بعد پنڈی میں ہائی گول سیزن شروع ہوگا جس میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ پاکستان پولو ایسوسی ایشن پورے سال کا ایک مربوط کیلنڈر بناتی ہے ۔ پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر جنرل اسفند یار پٹودی کا کہنا ہے کہ پولو کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔پولومیں پاکستان آرمی کی نمائندگی کم ہونے سے متعلق جنرل اسفند یار پٹودی کا کہنا تھا کہ نوجوان آفیسرز کی ڈیوٹیاں ملکی حالات کی وجہ سے بڑھ گئی ہیں اس لیے کھیلوں میں نمائندگی کم ہوئی ہے مگر اس کے باوجود پاکستان آرمی کے نوجوان ہر کھیل میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی پولو کھیلتے ہیں ان کی کئی نسلیں پولو کے ساتھ جڑی رہتی ہیں۔ انہوں نے اپنی مثال دی کہ ان کے دادا نواب ابراہیم خان پولو کھیلتے تھے۔ ان کے والد جنرل شیر خان بھی پولو کے کھلاڑی اور ایسوسی ایشن کے چیئرمین تھے۔ ان کے دونوں بیٹے بھی پولو کے اچھے کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پولو ایسوسی ایشن ملک میں پولو کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ پولو کے گراؤنڈز کی کمی ہے اور اسی پر کام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھلوال میں نیشنل سنٹر بن رہا ہے جس میں پولو، شو جمپنگ اور دیگر کھیلیں بھی ہو سکیں گے۔ جنرل اسفند یار پٹودی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی ملیر میں بھی پولو کے گراؤنڈ بنوائے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -