نیب اور رینجرز کو پنجاب میں کیوں نہیں کام کرنے دیا جارہا: شجاعت حسین، پرویز الہیٰ

نیب اور رینجرز کو پنجاب میں کیوں نہیں کام کرنے دیا جارہا: شجاعت حسین، پرویز ...

  

لاہور،گجرات (خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نیب اور رینجرز کو پنجاب میں کیوں کام نہیں کرنے دیا جا رہا جبکہ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے حقوق نسواں بل پر علماء سے مشورہ نہیں کیا، انہیں اتنی جلدی کیا تھی، یہ تو سوچ لیتے کہ اس قانون کے تحت ان کے اپنے دونوں ہاتھوں اور پاؤں میں کڑے پڑ سکتے ہیں۔ وہ گجرات میں چودھری اعجاز احمد کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ حکومت نے مذہبی جماعتوں کی طرف رخ کیا تو ان کا حشر برا ہو گا، حقوق نسواں بل پر دینی جماعتوں کے اعتراضات دور کیے جائیں اور ان کو اعتماد میں لیا جائے، نیب کو ختم کرنے کی بات سرے سے غلط ہے، کسی امتیاز، تعصب، رکاوٹ یا مخالفت کے بغیر نیب کو اپنا کام کرنے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اور رینجرز کو آپریشن سے روک دیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کیونکہ یہاں ان کے وزراء خود سہولت کار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اپنے اتحادی مولانا فضل الرحمن سمیت مذہبی جماعتوں اور علماء کو حقوق نسواں بل پر بہت اعتراض ہے، اگر انہوں نے حقوق نسواں بل بنانا تھا تو علماء سے مشورہ کرتے، وفاقی سطح پر ہمارے دور میں چودھری شجاعت حسین کی کوششوں سے کی گئی قانون سازی کو دیکھ لیتے جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء سے 6 ماہ تک مشاورت کے بعد خواتین کے حق میں متفقہ ترامیم کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام میں یہ احساس بڑھ چکا ہے کہ ہمارے کام بہتر تھے اور یہ کام اب تک بول رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -