جدید ریسرچ سنٹر کے قیام کا فیصلہ ، طلبہ کو اب بیرون ملک نہیں جانا پڑیگا ، پرویز خٹک

جدید ریسرچ سنٹر کے قیام کا فیصلہ ، طلبہ کو اب بیرون ملک نہیں جانا پڑیگا ، ...

  

 پشاور(پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاو رمیں نوجوان سکالرز کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے ایک منفرد ریسرچ سنٹر کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس کے لئے رقم مختص کرنے کا عندیہ دیا ہے وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر اجمل خان کی قیادت میں محققین کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی اور سیکرٹری اعلیٰ تعلیم فرح حامد بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔ ملاقات میں مذکورہ ریسرچ سنٹر کے قیام اور اسکی ضرورت و اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر اجمل خان نے ریسرچ سنٹر کی اہمیت سے متعلق اجلاس کو بریف کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریسرچ سنٹر کے قیام پر تقریباً900 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ ایک طالب علم کو تحقیق کیلئے بیرون ملک بھیجنے پر 15 ملین روپے خرچہ آتا ہے انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے ہاں بین الاقوامی معیار کے تحقیقی مرکز نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان سکالرز کی صلاحیتیں پوری طرح بروئے کار نہیں لائی جارہی ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مذکورہ سنٹر کے قیام کے منصوبے کی مکمل تفصیلات تحریری صورت میں فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ اے ڈی پی میں اس کے قیام کیلئے فنڈ مختص کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ پاکستان کا منفرد سنٹر ہو گا جس سے نہ صرف یونیورسٹی کو کروڑوں روپے کی بچت ہو گی بلکہ صنعتی اداروں کے ساتھ باہم مربوط ہونے کی وجہ سے آمدنی کا مستقل ذریعہ بھی ہو گا انہوں نے کہا کہ سنٹر کے قیام سے طلباء و طالبات کو ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ معیاری تحقیق کی سہولت میسر آئے گی جس کی وجہ سے انہیں بیرون ملک جانا نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقی نظام کو معیاری بنانے کیلئے یونیورسٹی اقدامات کرے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی مزید برآں وزیراعلیٰ نے فاؤنڈیشن کورسز شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے ۔ وفد نے اس تجو یز کو سراہا اور اسے شاندار مستقبل کیلئے اہم قرار دیا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -