صحافی غریب عوام کی آواز بن کر مسائل کی نشاندہی کریں ،مولا بخش چانڈیو

صحافی غریب عوام کی آواز بن کر مسائل کی نشاندہی کریں ،مولا بخش چانڈیو

  

ٹنڈوالہیار(خصوصی رپورٹ ) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے صحافیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی خدمات ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ ادا کریں اور غریب عوام کی آواز بن کر انکے مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ غریب عوام کے مسائل حل ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پریس کلب ٹنڈوالہیار کے عہدیداروں کی جانب سے انکے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈوالہیار حیدرآباد ضلع کا حصہ ہے اور یہ میرا گھر ہے ٹنڈوالہیار کے پاکستان پیپلز پارٹی کے پارٹی کارکن اور پارٹی ورکرز میرے ساتھ جیل میں بھی رہے ہیں مگر مجھے یہ سن کر بہت افسوس ہوا ہے کہ کافی سالوں سے ٹنڈوالہیار پریس کلب کو نظر انداز کیا گیا ہے مگر اب میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کے آپ کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جائیگا کیونکہ میں بھی آپ ہی کے طبقے میں سے ہوں اور میں آپ کو کبھی شرمندہ نہیں کرونگا اور آپ ہی کے دیئے ہوئے مشوروں کی پاسداری کرونگا۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں متحد ہ کر معاشرتی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ صوبائی مشیر نے سپاس نامہ کے جواب میں کہا کے ٹنڈوالہیار پریس کلب کے صحافیوں کے بیمار والدین کے علاج ومعالج کیلئے جلد از جلد انہیں روبرو آکر درخواست دیں تاکہ ان کا علاج کرایا جائے۔ صوبائی مشیر نے ٹنڈوالہیار پریس کلب کیلئے دو لاکھ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ اس سے قبل ٹنڈوالہیار پریس کلب کے صدر بشارت قائمخانی نے صوبائی مشیر کو خوش آمدید کہا اور انہیں اجرک کا تحفہ پیش کیا اس موقع پر انہوں نے ٹنڈوالہیار پریس کلب کے درپیش مسائل پیش کئے۔ تقریب میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر حامد شیخ، حیدرآباد یونین آف جنرلسٹ کے سابق صدر جنید خانزاد، پی ایف یو جے کے ایگزیکٹو کمیٹی کے میمبر حمید الرحمٰن، پریس کلب ٹنڈوالہیار کے سرپرست اعلیٰ سید مرتضیٰ شاہ ڈاڈاہی، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ٹنڈوالہیار شفیق حسین میمن، پی پی پی ٹنڈوالہیار کے اطلاعات سیکریٹری رازق ڈنو سونارو کے علاوہ ٹنڈوالہیار پریس کلب کے عہدیدارن و میمبران موجود تھے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -