مہاجر شخصیت کے بجائے قوم پرستی کی سیاست کریں، ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر شخصیت پرستی کے بجائے قوم پرستی کی سیاست کریں۔ شخصیت پرستی کی سیاست نے مہاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ MIT مہاجروں کو منتشر ہونے نہیں دے گی اور اس حوالے سے ہم صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی پالیسی تیار کررہے ہیں۔ وہ مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر بہارالدین شیخ، شہزادالرحمن ، اعجاز علی، عمیر وہاب اور دیگر بھی موجو دتھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر قومیت ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔ کیونکہ جس طرح مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اس کے بعد مہاجر متحد اور مضبوط ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود کراچی اور حیدرآباد کے مہاجروں نے پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کو مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان سے اب تک مہاجروں کے ساتھ کئے جانے والے مظالم نے مہاجروں کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب مہاجر اپنے حقوق کیلئے MIT کے پرچم تلے متحد ہوجائیں گے۔ انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہاجروں سے اپیل کی کہ وہ اس کٹھن وقت میں اپنا کردار ادا کریں اور مہاجروں کو منتشر کرنے کے بجائے متحد و مضبوط کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔