اقتصادی راہداری کی جنگ اے این پی جیت کر دکھا ئیگی :زاہد خان

اقتصادی راہداری کی جنگ اے این پی جیت کر دکھا ئیگی :زاہد خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکدرہ(نمایندہ پاکستان)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق سینیٹرزاہد خان نے کہاہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کالاباغ ڈیم کی طرح اقتصادی راہداری روٹ کی جنگ بھی جیت کر دکھائے گی،اقتصادی راہداری کے معاملے میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک قوم کو گمراہ کررہے ہیں وہ گزشتہ روز اوچ دیر لوئر میں پارٹی کی شمولیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان سیاسی مجبوری کے تحت پنجاب کی مفادات کے خلاف بات نہیں کرسکتے کیونکہ پی ٹی آئی اور نون لیگ تخت لاہور کے قبضہ کے لئے نبردآزماہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی پختون قوم کے حقوق اور مفادات کی جنگ لڑرہی ہے۔انہوں نے جماعت اسلامی کو شدید تنقید کانشانہ بنایااور کہاکہ وہ ہر فورم پر عوام دشمنی کررہی ہے جبکہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق منصورہ میں قید ہوکررہ گئے ہیں۔سابق سینیٹر نے الزام لگایاکہ وہ چکدرہ سے لواری تک سوئی گیس کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں بڑی حد تک کام مکمل ہوچکاہے مگرجماعت اسلامی ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاؤٹ بن رہی ہے ۔اس سے قبل کفایت اللہ،ظاہراللہ ،رحیم اللہ اور ادریس سمیت قریباََ 40افرادنے اپنے خاندانوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکراے این پی میں شمولیت کااعلان کیا جبکہ عوامی نیشنل پارٹی دیر لوئر کے صدرحسین شاہ یوسفزئی، بزرگ رہنماء ظاہرشاہ خان،ڈی ایس پی (ر)مختیارخان،بخت زمان ،امیر محمداورعبیدالرحمان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والوں کاخیرمقدم کیااور کہاکہ ان کی جماعت کارکنان کے مسائل حل کرنے کے سمیت پختون قوم کے حقوق کے لئے حسب روایت کام کرے گی اور ان کے حقوق غصب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے گی۔مقررین نے واضح کیاکہ ان کی جماعت پختون قوم کے حقوق کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور اس کے دور اقتدار میں صوبہ بھرمیں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔