ورلڈ ٹی 20: پاکستانی ٹیم واحد وارم اپ میچ میں آج سری لنکا سے پنجہ آزمائی کرے گی

ورلڈ ٹی 20: پاکستانی ٹیم واحد وارم اپ میچ میں آج سری لنکا سے پنجہ آزمائی کرے گی
ورلڈ ٹی 20: پاکستانی ٹیم واحد وارم اپ میچ میں آج سری لنکا سے پنجہ آزمائی کرے گی

  

کلکتہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے سپر 10 مرحلے کے آغاز سے قبل پاکستانی ٹیم اپنا واحد وارم اپ میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہو گا۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم کو بنگال کی ریاستی ٹیم کے خلاف بھی ایک وارم اپ میچ کھیلنا تھا تاہم پاکستانی ٹیم کے بھارت نہ پہنچ پانے کی وجہ سے یہ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان شاہد آفریدی کی قیادت میں ہفتے کو کلکتہ پہنچی تھی اور اتوار کو پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایڈن گارڈن میں پریکٹس سیشن میں شرکت بھی کی تھی۔ پاکستانی ٹیم اپنا واحد وارم اپ میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد یہ سپر 10 مرحلے کا پہلا میچ 16 مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جس نے کوالیفائنگ راﺅنڈ کے گروپ اے سے ورلڈ ٹی 20 کے فائنل راﺅنڈ میں جگہ بنائی ہے۔ اس کے بعد 19 مارچ کو پاک، بھارت ٹاکرا ہو گا جس کے سب ہی منتظر ہیں۔ یہ میچ پہلے دھرم شالہ میں منعقد ہونا تھا تاہم آئی سی سی نے سیکیورٹی خدشات کے باعث پی سی بی کے مطالبے پر اسے بھی کلکتہ منتقل کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں ٹی 20 مقابلوں میں اس کا کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی جبکہ پاکستانی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ سے قبل بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ جیتنے میں ہی کامیاب ہو سکی۔آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت پاکستان ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔

مزید :

T20 World cup -