پاکستان سٹاک مارکیٹ ، اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ، انڈیکس میں 207پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان سٹاک مارکیٹ ، اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ، انڈیکس میں 207پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار ی ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 43400 اور43500کی نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 44 ارب73 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت38.82 فیصدزائدجبکہ60.27فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز50پوائنٹس کی مندی سے ہوا۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرکے ایس ای 100 انڈیکس 43358 پوائنٹس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم سینٹ انتخابات کامرحلہ بخوبی مکمل ہونے کے نتیجے میں حکومتی مالیاتی ادارے ، مقامی برویکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،ٹیلی کام ،فوڈزاور دیگر سیکٹر میں سرمایہ کاری کی گئی، جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 43700 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا۔ تاہم اتار چڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس207.15 پوائنٹس اضافے سے 43618.08 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر365 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے220کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ،126 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔منگل کو 15کروڑ 23 لاکھ23 ہزار310 شیئرز کا کاروبار ہوا ، جو پیرکی نسبت4کروڑ25 لاکھ98ہزار 210شیئرززائد ہے ۔ سرمایہ کاری مالیت میں44ا رب73کروڑ 93لاکھ 77ہزار419روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر90کھرب 66ارب 47 کروڑ48 لاکھ7ہزار 841 روپے ہو گئی ۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے نیسلے کے حصص سرفہرست رہے ، جس کے حصص کی قیمت 100.00 روپے اضافے سے 12350.00 روپے اور پاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت39.95 روپے اضافے سے 2035.05 روپے ہو گئی ۔ نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ، جس کے حصص کی قیمت 100.00 روپے کمی سے7700.00 روپے اور بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت31.51 روپے کمی سے 700.00 روپے ہو گئی ۔منگل کو اے زی گارڈ نائن کی سرگرمیاں89لاکھ65ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی ، جس کے شیئرز کی قیمت76پیسے اضافے سے 15.46 روپے اور نیمیرریزائن کی سرگرمیاں 82 لاکھ23ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت36پیسے اضافے سے8.49 روپے پر بند ہوئی ۔منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس 92.15 پوائنٹس اضافے سے 21848.18 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 329.80پوائنٹس اضافے سے 74338.62 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس166.00 پوائنٹس اضافے سے31576.56 پوائنٹس ہو گئی ۔

مزید : کامرس