اب بلوچستان کا وزیر اعظم لانے کیلئے فائٹ کرینگے، عبدالقدوس

اب بلوچستان کا وزیر اعظم لانے کیلئے فائٹ کرینگے، عبدالقدوس

کوئٹہ(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے اگلے الیکشن میں وزیر اعظم بلوچستان سے لانے کیلئے فائٹ کرینگے۔ اب بلوچستان کو ماضی کی نظر سے نہ دیکھا جائے، آبادی کی بجائے رقبے کے لحاظ سے وسائل فراہم کئے جائیں، یہ بات انہوں نے اسلام آباد سے واپسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا سینیٹ کی چیئرمین شپ بلوچستان کو ملنا بہت بڑی کامیابی ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے اس صوبے کے قوم پرستوں نے ہماری حمایت کرنے کی بجائے منفی باتیں کیں جس سے ملک بھر میں بلوچستان کی بدنامی ہوئی، صوبے کے بڑے معتبر سیاستدان اسلام آباد کیخلاف باتیں کرتے تھے، اب وہ خود وہاں بیٹھ کر صوبے کی کونسی خدمت کر رہے ہیں؟ ہم پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے حق میں ہیں، سی پیک کے حوالے سے گزشتہ تین چار سال میں کوئی فنڈنگ نہیں ہوئی۔ بلو چستان کی حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔ جمہوریت کے چیمپیئن اور باتوں کے سٹیج ماسٹر کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ صوبے کے عوام اب جا گ چکے ہیں۔ اگلے الیکشن میں بلوچستان کے حقوق کی بات کرنیوالوں کو سامنے لائیں گے،میر حاصل بزنجو کی ہارس ٹریڈنگ کی بات غلط ہے۔ بلوچ عوام کو برا لگا۔باتوں کے پیچھے نہیں اپنے حقیقی نمائندوں کو چنیں۔ حاصل خان اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپئن سمجھتے ہیں،ہم نے کہا ہم اسمبلی نہیں توڑیں گے اور کسی پارٹی میں نہیں جائیں گے، اس پر ہم قائم ہیں۔ ہماری ٹیم آپس میں متحد ہے،اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے محمود خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا خان صاحب بڑے جمہوریت پسند کہلاتے ہیں، پہلے اپنی جماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں تا کہ آئندہ انتخابات میں ان کا کوئی امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن نہ لڑے۔

عبدالقدوس بزنجو

مزید : صفحہ اول