یونین کونسل 164میں حفاظتی ٹیکوں کی فیس مقرر ، اہل علاقہ سراپا احتجاج

یونین کونسل 164میں حفاظتی ٹیکوں کی فیس مقرر ، اہل علاقہ سراپا احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کی یونین کونسل 164 کے آفس میں ایک طرف موجود حفاظتی ٹیکوں کے مرکز میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والوں نے عوام الناس سے فی کس بچہ بیس بیس روپے وصولی شروع کردی اور ان کا یہ کہنا ہے کہ ہمیں یہ فیس وصول کرنے کاحکم یونین کونسل آفس سے ملا ہے ۔یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلعی حکومت کی طرف سے بچوں کو مفت حفاظتی ٹیکے لگانے کا حکم دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ٹیکے اور ادویات سرنجوں کی فراہمی اور بچوں کی تمام قسم کی ویکیسن بھی ضلعی حکومت کے شعبہ صحت کی طرف سے فراہم کی جاتی ہے لیکن پھر بھی یہاں پر موجود عملہ معصوم شہریوں سے بیس بیس روپے وصول کررہا ہے جس پر شہری پاکستان آفس میں پھٹ پڑے ۔اس حوالے سے اس یونین کونسل کے چیئرمین محمد رفیق نمبر دار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا علم نہیں ہے حفاظتی ٹیکے لگانے والے پیسے وصول کررہے ہیں میں نے تو اس حوالے سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی پھر بھی آپکی جانب سے کی گئی اس نشاندہی کی تحقیقات کرواؤں گا یہ بات سچ ہے کہ اس کے کوئی پیسے نہیں ہوتے اور یہ حکومت کی طرف سے مفت لگانے کا حکم ہے۔