غیر معیاری اچار اور مصالحہ جات بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، 2سیل

غیر معیاری اچار اور مصالحہ جات بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، 2سیل

لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پر پاکستان سٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے )نے اچار اور مصالحہ جات بنانے والی فیکٹریوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا،دو فیکٹریاں سیل جبکہ ایک فیکٹری کا سامان قبضے میں لے لیا۔وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پرڈی جی پی ایس کیو سی اے انجینئر خالد صدیق نے غیر معیاری اور غیر قانونی طور پر اچار اور مصالحہ جات تیار کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی۔جس نے شہربھر میں کریک ڈاؤن شروع کردیا۔خصوصی ٹاسک فورس نے فیروزپور روڈ، گجومتہ اورروہی نالہ پر کارروائی کرتے ہوئے الجنت فوڈز، ایم ایس فوڈز کو سیل کردیا اور ان کے گوداموں میں موجود ہزاروں کلو تیار سامان کو قبضہ میں لیکر فروخت سے روک دیاجبکہ الشفاء فوڈز کا سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔الجنت فوڈز اور الشفاء فوڈز پی ایس کیو سی اے کے لائسنس کے بغیر غیر قانونی طور پر اچار، سرقہ، اور شہد تیار کر رہے تھے جبکہ ایم ایس فوڈز مشہور برانڈ کی پیکنگ میں مصالحہ جات تیار کرنے میں ملوث ہونے کے ساتھ پی ایس کیو سی اے کا لائسنس بھی نہیں رکھتی تھی۔ڈی جی پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی انجنئیر خالد صدیق کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اور بغیر لائسنس کام کرنیوالی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں غیر قانونی کام کرنیوالی مصالحہ جات اور اچار کی فیکٹریوں کو سیل کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں اور ان کو موقع پر سیل کر دیا جائیگا۔

تنویر حسین

مزید : میٹروپولیٹن 1