رائیونڈ ، امام مسجد کی 7سالہ ، باغبانپورہ میں محلے دار کی 4سالہ بچی سے بد اخلاقی
لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں ایک روز میں معصوم بچیوں کو حوس کا شکار بنانے کے دو واقعات پیش آئے ہیں ۔جس میں رائے ونڈ میں ساتھ سالہ معصوم بچی سے مبینہ طور پر بداخلاقی کا واقعہ پیش آیاجبکہ دوسرے واقعہ میں باغبانپورہ کے علاقہ شادی پورہ میں چار سالہ بچی سے اسکے استاد کی مبینہ زیادتی کی کوشش بتائی گئی ہے۔ رائیونڈ کے علاقہ میں 7سالہ معصوم بچی کومبینہ طورپر امام مسجد نے بداخلاقی کا نشانہ بنا ڈالا اور اسے تشویشناک حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گیا ۔بچی کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے ملزم کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقہ کوٹ حاکم علی کا رہائشی زمیندار اقبال کے تین بچے 7سالہ نائلہ ،عابد علی اور مقدس گھر کے قریب ہی مسجد میں دینی تعلیم کے حصول کے لیے جاتے تھے گزشتہ روزحسب معمول تینوں قرآن پڑھنے کے لیے گئے مگر تھوڑی دیر بعد بچے عابد اور مقدس محلے کے بچوں کے ساتھ واپس گھر آگئے مگر 7سالہ نائلہ گھر نہ پہپنچی جس پر بچوں کی والدہ نے چیک کیا تو بچوں نے بتایا کہ نائلہ کو مولوی غلام مصطفٰے نے اسے اپنے گھر کی صفائی کے لیے روک لیا ہے ۔لیکن کافی ٹائم گزرنے کے بعد بھی بیٹی کے واپس نہ آنے پر والدہ کو تشویش ہوئی اوراس نے اپنے شوہر کو بیٹی کا پتہ کرنے کے لیے بھیجا جہاں پہنچ کر اس نے دیکھا کہ اس کی بیٹی خون میں لت پت پڑی ہوئی ہے اور ملزم غلام مصطفٰے موقع سے فرار ہوچکا ہے ۔بچی کو تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں اس کا علاج معالجہ جاری ہے ۔ واقعہ کی اطلاع شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے ملزم کی گرفتار ی کے لیے احتجاج کیا ان کا کہنا تھا کہ ہماری آئی جی پنجاب سے اپیل ہے کہ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور بداخلاقی کا نشانہ بننے والی 7سالہ بچی نائلہ کے والد اقبال کی مدعیت میں مقدمہ نمبر216/18بجرم 376درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مار نے شروع کر دیے بچی کے والد اقبال نے بتایا کہ مولوی ان کا رشتہ دار بھی ہے اس کی برادری کی طرف سے صلح کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے لیکن وہ اس درندہ صفت بھیڑیے کو سز ا دلواکر ہی رہے گا۔اسی طرح باغپانپورہ کے علاقے شادی پور ہ کے رہائشی محمد سرفراز کی چار سالہ بیٹی عائزہ محلے دار علی نامی لڑکے کے پاس ٹیوشن پڑھتی ہے گذشتہ شام ٹیچر علی نے چار سالہ عائزہ کیساتھ مبینہ طور پر بداخلاقی کرنے کی کوشش کی۔کمسن بچی کے شور پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔بچی کے لواحقین چار سالہ عائزہ کولیکر انصاف کے لئے تھانے پہنچ گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔