کشمیری مہاجرین نے تکمیل پاکستان کیلئے گھربارچھوڑا،ناصرڈار

کشمیری مہاجرین نے تکمیل پاکستان کیلئے گھربارچھوڑا،ناصرڈار

مظفرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر بحالیات ناصرحسین ڈارنے کشمیری مہاجرین کی کالونی کے دورے کے دوران کہا ہے کہ کشمیر ی مہاجرین نے تکمیل پاکستان کے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے اپنا گھر بار چھوڑ کے پاکستان ہجرت کی تھی اور آج بھی مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مقبوضہ ریاست سے بھارتی غاصبانہ قبضہ کے خاتمہ اور مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزاد ی کے بعد تکمیل پاکستان کی منزل کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا ہیکہ امت مسلمہ کو کامیابی کے حصول کیلئے باہمی تفرقات کو ختم کرتے ہوئے بھائی چارہ کو فروغ دینا ہو گا اور مسلم ممالک کو باہمی اختلافات بھلا کر مسلم امہ کو یکجا کرنا ہو گا مسلم امہ کو مقبوضہ کشمیر میں مظلوم مسلمانوں پر بھارتی اندوہناک مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور بھارتی مظالم کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزاد ی کے لیے بھی موثر حکمت عملی اختیار کر نا چاہیے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ آزادکشمیر ناصرحسین ڈار نے کہا کہ ایٹمی پاکستان پوری امت مسلمہ کے لیے فخر کی علامات ہے اور اسی وجہ سے بھارتی حکمرانوں کے ناپاک عزائم کو روکنے میں مدد ملی ہے۔مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشاء میں ایٹمی جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد اقوام متحدہ کی کشمیر قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے وزیر بحالیات ناصر حسین ڈا ر نے اس موقع پر کشمیر مہاجرین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات صادر کیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو خصوصی ہدایات پر آزاد کشمیر میں بلاتخصیص تعمیر و ترقی کے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہاربھی کیا کہ آزا د کشمیر میں ترقیاتی منصوبہ جات کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر