ٹیلی نار گروپ اور ’ اینٹ فنانشل‘ کے درمیان اشتراک

ٹیلی نار گروپ اور ’ اینٹ فنانشل‘ کے درمیان اشتراک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیلی نار گروپ نے اینٹ فنانشل سروسز گروپ کے ساتھ پاکستان میں ایک اہم اشتراک قائم کرلیا ہے جس کے تحت اینٹ فنانشل ٹیلی نار گروپ کے ذیلی ادارے ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک ( ٹی ایم بی ) میں 184.5ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے بینک کے 45فیصد حصص خریدے گا تاکہ ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے موبائل پے منٹ اور ڈیجیٹل فنانشل سروسز کو مزیدترقی دی جاسکے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام اور ٹیلی نار گروپ اور اینٹ فنانشل کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ ٹیلی نار گروپ اور اینٹ فنانشل کا تذویراتی اشتراک کار ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے تجربے اور مقامی مارکیٹ میں 20ملین صارفین کے ساتھ اس کی مستحکم پوزیشن کو اینٹ فنانشل کے دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل پے منٹ پلیٹ فارم ’علی پے‘ کی ٹیکنالوجی اور دیگر مالیاتی خدمات سے جوڑے گا۔ اس سے پاکستا ن میں انفرادی صارفین اور چھوٹے کاروبا ر ی اداروں کو مالیاتی شمولیت کی سہولیات بہم پہنچائی جاسکیں گی ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیلی نار گروپ اور اینٹ فنانشل کے مابین اشتراک کو خوش آئند قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اشتراک ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ انھوں نے اینٹ فنانشل کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور ملک میں سماجی و معاشی ترقی کے فروغ میں ٹیلی نار کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ اشتراک ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے ملک میں مالیاتی سہولیات تک رسائی بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔‘‘ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک، 2009میں متعارف شدہ پاکستان کے اولین موبائل فنانشل سروسز پلیٹ فارم ایزی پیسہ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے جو اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایجنٹ نیٹ ورک ، فعال اکاؤنٹس اور ٹرانزیکشنز کی قدر کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی برانچ لیس بینکاری سروس بن چکاہے ۔ٹیلی نار بینک پاکستان کے غریب اور بینکاری سہولیات سے محروم طبقات کو مائیکرو فنانس اور دیگرمتعلقہ مالیاتی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیلی نار گروپ کے سی ای او، سگوے بریکے کا کہنا تھا: ’’دنیا کی سب سے بڑی پے منٹ سروس فراہم کرنے والے اینٹ فنانشل کے ساتھ اشتراک سے مستقبل میں ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کا پے منٹ پلیٹ فارم مستحکم ہوگا اور اِسے پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کاروبار میں نئے معیارات قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس اشتراک کا قیام ٹیلی نار گروپ کی جانب سے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں ہماری مالیاتی سروسز تک رسائی بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ ہم صارفین کی ضروریات کے عین مطابق اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں اور اُسے جدت سے ہم آہنگ کرسکیں۔ مجھے اُمیدہے کہ اس اشتراک کے بعد عنقریب بہت سے شاندار مواقع ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے منتظر ہونگے۔ ‘‘اینٹ فنانشل کے سی ای او، ایرک جِنگ نے تقریب سے خطاب میں کہا: ’’ اینٹ فنانشل ٹیلی نار گرو پ کے ساتھ اس اہم معاہدے پر نہایت خوش ہے۔ علی پے کی ٹیکنالوجی ہمیں یہ منفرد مقام دیتی ہے کہ ہم دنیا بھر میں مساوی مواقع فراہم کرسکیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم ایزی پیسہ پلیٹ فارم پر صارفین کے تجربے میں بہتری اور شفاف، محفوظ ، کفایتی اور تیزترین طریقہ کار سے پاکستان میں بینکاری سہولیات سے محروم طبقات کو مالیاتی شمولیت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا علم اور تجربہ ٹیلی نار بینک کو فراہم کررہے ہیں۔ ‘‘اس وقت پاکستان میں تقریباً100ملین افراد بینکاری سہولیات سے محروم ہیں جو عالمی بینک کے مطابق دنیا بھر میں بینکاری سہولیات سے محروم آبادی کا 5فیصد ہیں۔ البتہ اسمارٹ فون کے استعمال میں تیزی سے ہونے والے اضافے کی بدولت ان اعداد و شمار میں مستقبل قریب میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ اُس وقت کی پیشگی تیاری کے لیے ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کو اپنی ڈیجیٹل مہارت اور کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صارفین کی ضروریات بہ آسانی پوری کی جاسکیں۔ دونوں اداروں کے مابین معاہدے پر عمل درآمد ریگولیٹرز کی جانب سے رسمی منظوری کے بعد ہوگا۔