بھارتی جارحیت کے مقابلہ میں پوری قوم متحد ہے،لیاقت بلوچ
لاہور( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مصالحتی کمیشن کے اجلاس اور منصورہ میں ضلع شیخوپورہ و اکاڑہ سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی جارحیت کے مقابلہ میں پوری قوم متحد ہے۔ نریندر مودی انتخابات سے پہلے جنگی جنون میں پاکستان پر وار کر سکتاہے اور بھارت کے اندر مسلم کش فسادات کے منصوبہ پر عمل کرسکتاہے ۔ حکومت، ریاست اور عوام دشمن کے ہر حربہ کو ناکام بنانے کے لیے یک آواز بنے رہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بدترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں ،یہ بذات خود جرم ہے ۔لیا قت بلوچ نے کہاکہ زراعت ہی قومی معاشی طاقت ہے لیکن حکومتیں مسلسل زرعی پیداوار اور زرعی ترقی کے کھوکھلے دعوے کر رہی ہیں ، عملاً کاشت کار برباد ہورہاہے ۔ پانی کا بحران شدید ترین ہورہاہے ۔ بھارت پانی کو جنگی جنون کا ہتھیار بنارہاہے ، پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ عالمی برادری کو بھارتی آبی جارحیت سے پوری طرح آگاہ کرے ۔ مسئلہ کشمیر کاحل ہی خطہ میں تمام مسائل کا حل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل تمام مسالک کے درمیان وحدت ، ہم آہنگی ، برداشت کا ماحول پیدا کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ نظام مصطفےٰؐ کا قیام ہی پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بناسکتاہے ۔ نظام مصطفےٰؐ نظام عدل و انصاف ہے ۔