بھارت زخمی سانپ کی طرح دوبارہ وار کر سکتا ہے،شاہ اویس نورانی

بھارت زخمی سانپ کی طرح دوبارہ وار کر سکتا ہے،شاہ اویس نورانی

لاہور( نمائندہ خصوصی )جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ بھارت زخمی سانپ کی طرح دوبارہ وار کر سکتا ہے۔ مودی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لئے پاکستان دشمنی کا چورن بیچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ نریندر مودی عرصہ دراز تک پاکستان کے ہاتھوں لگے رسوائی کے زخم چاٹتا رہے گا۔ بھارت جان لے کہ جنگوں سے مسائل کا حل اور امن کا قیام ممکن نہیں۔ پلوامہ واقعہ کا مس ایڈونچر مودی کے گلے پڑ گیا ہے۔ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ فیصل واڈا کے کفریہ کلمات کا نوٹس لے۔ ملکی سلامتی کے لئے قومی اتحاد برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات انتشار پھیلا رہے ہیں۔ سیاسی استحکام کے بغیر کوئی جنگ نہیں جیتی جا سکتی اس لئے حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔ پاک بھارت کشیدگی کی اصل قیمت کشمیری ادا کر رہے ہیں۔ خطے کو تباہی سے بچانے کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ بھارت رسوائی اور پسپائی کا سارا غصہ مظلوم کشمیریوں پر نکال رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ مودی نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گا۔ بھارت پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1