بچوں،خواتین، اقلیتوں کے حقوق کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنا ترجیح ہے ، اعجاز عالم

بچوں،خواتین، اقلیتوں کے حقوق کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنا ترجیح ہے ، ...

لاہور( لیڈی رپورٹر )صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں بچوں،خواتین،معذور افراد،مذہبی اقلیتوں، خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں اور تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ ایسے ورکنگ گروپس کی تشکیل دی جائے جو کہ عوام کی دہلیز پر حقوق کی فراہمی یقینی بنا سکیں تاہم کیپسٹی بلڈنگ اور تکنیکی مدد کی فراہمی کے لئے یونائیٹڈ نیشن ڈیویلپمنٹ پروگرام،پاکستان کی پیشکش کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ مستقبل میں انسانیت کی خدمت میں مزید بہتری کیلئے ملکر سفر جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں لوکل گورننس اور ڈی سینٹرالائزیشن یونٹ(UNDP )کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد کی جانب سے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پہلے سے وفاقی سطح کے ساتھ مختلف صوبوں میں کام کر رہے ہیں اور خواہاں ہیں کہ پنجاب میں بھی محکمہ انسانی حقوق کے ساتھ ملکر اپنی خدمات پیش کریں۔انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں انسانی حقوق کی فراہمی میں مزید بہتری وغیرہ کیلئے محکمہ میں کیپسٹی بلڈنگ جبکہ صوبائی سطح پر کانفرنس کا انعقاد یقینی بنانے کے ساتھ ٹریٹی سیل ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں بہتری میں ہر قسم کی تکنیکی مدد فراہم مدد کرے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنا کوئی پراجیکٹ وغیرہ نہیں لارہے بلکہ پنجاب میں پہلے سے جاری انسانی حقوق کے کاموں میں بہتری کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی پیشکش کو بہت جلد ایک سمری کی شکل میں آگے بھیج دیا جائے گا تاکہ کیبینٹ سے منظوری لی جا سکے۔اس موقع پر یو این ڈی پی سے آمنہ بیل،ارم علی،شہزاد احمد جبکہ محکمہ انسانی حقوق کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1