مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا،امیر العظیم

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا،امیر العظیم

لاہور ( سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی نہتے معصوم اور بے گناہ کشمیریوں پر مظالم پر مسلمان حکمرانوں اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی اور بے حسی لمحہ فکریہ اور قابل مذمت ہے ۔ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کی جلا وطنی حکومت قائم کرے اور پوری دنیا میں پاکستانی سفارتی خانوں میں ایک ڈیسک کشمیر ی جلاوطنی حکومت کا مختص کرے تاکہ کشمیری خود اپنا مقدمہ بین الاقومی سطح پر قانونی اور اخلاقی جواز کے ساتھ پیش کر سکیں اور اپنا حق خودارادیت حاصل کرسکیں ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے لاہور کے ہائیکورٹ میں آزادی کشمیر تحفظ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں (ر) ائیر مارشل انور محمود خان ،امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر حافظ عبدالرحمن انصاری ، اسلامی لائر ز موومنٹ کے مرکزی رہنما چوہدری خالدفاروق ، مرکزی سیکرٹری اسلامی لائرز موومنٹ ضیاء الدین انصاری ،آئی ایل ایم لاہور کے رہنما عبالخالق مرزا ، رانا زبیر افضل سمیت بڑی تعداد میں وکلاء لاہور ہائیکورٹ نے شرکت کی ۔ اس موقع پرانور محمود خان (ر)ائیر مارشل نے کہا کہ ہمارے ازلی دشمن بھارت کی کسی قسم کی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ سمیت پوری قوم متحد ہے ۔ بھارت کے ساتھ اب تک ہونے والے تمام جنگی معرکوں میں پاک فضائیہ کی زبردست کامیابیاں حاصل کی ا ور ہمارے ایئر مارشل اس پوزیشن میں رہے ہیں جنہوں نے جنگی معراکوں میں دشمن کے اوپر کامیاب فضائی حملے کرتے ہوئے برتری حاصل کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا دعویدار بھارت انسانی حقوق سے بے بہرہ ہے، اس کے نزدیک انسانی حقوق کی کوئی قدر نہیں۔حصول حق خودارادیت‘ کشمیر کی آزادی کیلئے جماعت اسلامی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1