صنعتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات تیزی سے جاری : میاں اسلم اقبال

صنعتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات تیزی سے جاری : میاں اسلم اقبال

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صنعت کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ملک سے افلاس اور بیر روزگاری کے اندھیرے صنعت کاری کے عمل کو تیز کرکے ہی دور کئے جا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں پاکستان پلاسٹک اینڈپی وی سی پائپ مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد نے انڈسٹری کو درپیش مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صنعتی شعبہ کی ترقی اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں،ہر ضلع میں کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹی ودرمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کیلئے محکمہ صنعت وتجارت وسرمایہ کاری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹی ودرمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے ذریعے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اوراس مقصد کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کو درپیش مسائل کو ہر صورت حل کریں گے،انہوں نے کہا کہ شاہدرہ ،داروغہ والا اور فیروزپور روڈ پر لگنے والی صنعت کوریگولرائز کریں گے اوراس حوالے سے میری وزیراعظم سے بات بھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان صنعتوں کی ریگولرائزیش کا بوجھ بھی صنعتکاروں پر نہیں ڈالیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مزید : کامرس