شاہ سلمان کو امن مشن کی رپورٹ پیش، عادل الجبیر نے پاک بھارت معاملات معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ، سعودی سفارتخانہ

شاہ سلمان کو امن مشن کی رپورٹ پیش، عادل الجبیر نے پاک بھارت معاملات معمول پر ...

اسلام آباد،ریاض(آئی این پی،این این آئی)سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاک بھارت معاملات معمول پر لانے میں ریاض نے اہم کردار اداکرتے ہوئے علاقائی امن خراب ہونے سے بچالیا، وزیر مملکت خارجہ عادل الجبیر کے دونوں ملکوں کے دورے بھی اسی سلسلے کی کڑی تھے۔ ترجمان سعودی سفارتخانے نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے معاملات معمول پر آرہے ہیں۔عادل الجبیر کے دونوں ممالک کے دوروں کو بہت پذیرائی ملی سعودی سفارتخانے نے مزید کہا عادل الجبیر کے دورے سعودی قیادت کی ہدایت کی روشنی میں ہوئے، عادل الجبیر نے علاقائی سلامتی و امن کو معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری طرف سعودی کابینہ کا اجلاس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کابینہ نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کم کرانے سے متعلق سعودی قیادت کے مشن کے نتائج پر مشتمل رپورٹ وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر سے سنی۔ الجبیر شاہی ہدایت پر پاکستان اور ہندوستان کے دورے پر گئے تھے۔ انہوں نے وہاں دونوں ملکوں کے درمیان گرما گرمی کو کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے حوالے سے سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق ملاقاتیں کرکے مذاکرات کئے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام سے دونوں ملکوں کو باز رکھنے کی بابت سعودی قیادت کا پیغام دونوں ملکوں کے رہنماؤں کو پہنچایا۔ اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے لبنانی وزیراعظم سعد الحریری سے اپنی ملاقات اور اس موقع پر سعودی عرب اور لبنان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں او رخطے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کے نتائج سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعدسعودی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ میں عرب، علاقائی اور عالمی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ جبکہ قاہرہ اور متحدہ عرب امارات میں عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔کابینہ نے متعدد معاہدوں ، تقرریوں اور ترقی سے متعلق 9قراردادیں بھی منظور کیں۔کابینہ عدالتی اور قانونی امور میں تعاون کے حوالے سے بیلاروس، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام اور برطانیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔سعودی کابینہ نے عرب ممالک کو درپیش بحرانوں کے سیاسی حل سے متعلق اپنے غیر متزلزل موقف کا بھی اعادہ کیا۔

سعودی عرب

مزید : صفحہ اول