نیاپاکستان ہاؤدنگ پروگرام کو مرحلہ وار دوسرے شہروں تک بڑھایا جائیگا: عثمان بزدار

نیاپاکستان ہاؤدنگ پروگرام کو مرحلہ وار دوسرے شہروں تک بڑھایا جائیگا: عثمان ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا،پہلے مرحلے میں لودھراں ، چشتیاں اور رینالہ خورد میں گھر تعمیر ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں لاہور ، سیالکوٹ، سرگودھااور چنیوٹ کو نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی کارکردگی اورنیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کم آمدن والے خاندانوں کے چھت کے خواب کو پورا کرے گا۔وزیر اعلی نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر عوام کو چھت فراہم کرنا پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد، بہاولپور، بھکر اور لاہور میں نئی سائیٹس کی نشاندہی کا کام جاری ہے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ ایک دوسرے اجلاس میں ٹراما سنٹرز کے قیام اور ائیرایمبولینس سروس کے اجراء کے منصوبے کے حوالے سے سفارشات کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹرزقائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹرز قائم کئے جائیں گے جبکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹراماسنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں موجود تمام ٹراما سنٹرز کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک سمارٹ ہسپتالوں کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمارٹ ہسپتالوں میں مریض کی سہولت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس کا منصوبہ صرف حادثات ہی نہیں بلکہ ہنگامی حالات میں بھی مددگار ہوگا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ماڈرن ٹراما سنٹرز کے قیام اور اےئر ایمبولینس پراجیکٹ کیلئے 13رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر علی جاوید ہوں گے۔علاوہ ازیں سرکٹ ہاؤس ملتان میں منعقدہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا، ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور ٹائم لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کمشنر ڈی جی خان طاہر خورشید نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مظفرگڑھ ڈی جی خان روڈ کا 75 فیصد،ڈی جی خان ڈویژن کے سکولوں کی ترقیاتی سکیموں پر 74 فیصد جبکہ بہادر کیمپس کی عمارت پر 99فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ مظفرگڑھ میں120،راجن پور64،لیہ42اور ڈی جی خان میں 93کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول