میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا لانچ پر چھاپہ، 40کروڑ روپے مالیت کی شراب بر آمد

میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا لانچ پر چھاپہ، 40کروڑ روپے مالیت کی شراب بر آمد

کراچی(کرائم رپورٹر) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا شراب کی اسمگلنگ کے خلاف تاریخ کی بڑی کاروائی 40کروڑ سے زائد کی 65ہزار بوتلیں اعلیٰ قسم کی شراب برآمد ، 7ملزمان گرفتار ، میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے ملزمان اور شراب کو پاکستان کسٹم کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رئیر ایڈمرل ذکاء الرحمٰن نے پی ایم ایس کے ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز ہمیں خفیہ ذرائع سے شراب کی اسمگلنگ کی اطلاع ملی جس پر ہم نے اپنی سمندری حدود کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گذشتہ رات میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے بوٹس نے مکران ساحل کے قریب ایک مشکوک کارگو جہاز کو گھیرے میں لیکر تلاشی لی ۔ ڈی جی میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران کارگو جہاز سے 65 ہزاور بوتلیں اعلیٰ قسم کی شراب برآمد کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ عالمی مارکیٹ میں شراب کی قیمت 40کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ پکڑے جانیوالی شراب کی کھپ میں 50قسم کے مختلف برانڈز شامل ہیں ۔ رئیر ایڈمرل ذکاء الرحمٰن نے کہا کہ مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کیلئے گرفتار ملزمان اور شراب کو پاکستان کسٹم کے حوالے کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کا قلع قمع کرنے کیلئے میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پر عزم ہے۔ اس موقع کسٹم کلکٹر ڈاکٹر فرید اقبال قریشی سمیت میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ آخر میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے ملزمان اور شراب کی کھیپ پاکستان کسٹم کے حوالے کئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر