پولیس منشیات فروشوں کیخلاف متحرک ،تین روزمیں 72ملزم گرفتار

پولیس منشیات فروشوں کیخلاف متحرک ،تین روزمیں 72ملزم گرفتار

لاہور( کرائم رپورٹر) پولیس نے گزشتہ تین روز کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 72ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیئے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہومحمد وقاص نذیر نے تمام ڈویژنل ایس پیز ،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے شہربھرخاص طور پر تعلیمی اداروں کے گردمنشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران سٹی ڈویژن نے14، کینٹ ڈویژن 14، سول لائن ڈویژن10، صدر ڈویژن 15، اقبال ٹاؤن ڈویژن8جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے11مقدمات درج کئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 36کلوگرام سے زائد چرس ،15کلوگرام سے زائد آئس اور 11ہزار594 بوتلیں شراب بھی برآمدکی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف بھی سخت اقدامات عمل میں لا رہے ہیں۔ نئی نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا لاہور پولیس سمیت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔محمد وقاص نذیرنے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کا عادی بنانے والے سماج دشمن عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔شہری نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔

مزید : علاقائی