لیجنڈ فٹبالر کارلس پائیول 16مارچ کو پاکستان پہنچیں گے

لیجنڈ فٹبالر کارلس پائیول 16مارچ کو پاکستان پہنچیں گے

بارسلونا(آئی این پی) اسپین کی قومی فٹبال ٹیم اور مشہور کلب ایف سی بارسلونا کے لیجنڈری فٹبالر کارلوس پیول نے پاکستان کے دورے کا اعلان کردیا، وہ کراچی کا دورہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق لیجنڈری فٹبالر فٹبال کے فروغ کے لیے 16مارچ کو اسپین سے کراچی پہنچیں گے اور ورلڈ سوکرز اسٹار 2019 میچز کی تشہیر کے ساتھ ٹکٹوں کی فروخت کا افتتاح کریں گے۔کارلوس نے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی ! میں آپ سب کو دیکھنے کے لیے پرعزم اور پاکستانی مداحوں سے ملاقات کے لیے پرجوش ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ سوکرز اسٹار فٹبال کا انعقاد جشن منانے کا شاندار موقع فراہم کررہا ہے، پاکستان میں فٹبال دوسرا ابھرتا ہوا کھیل ہے۔یاد رہے کہ ورلڈ سوکرز اسٹارز ایونٹ کے تحت کراچی میں دو میچز 27اور 28اپریل کو کھیلے جائیں گے جس میں دنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی بھی اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔میچوں کے دوران مشہور امریکی گلوکار ایکون کے میوزیکل پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائے گا، انہوں نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کررکھا ہے۔اطلاعات کے مطابق امریکی گلوکار 26اپریل کو کراچی اور 29کو لاہور میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ وہ عالمی فٹبال کپ کے حوالے سے پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل فٹبال کے مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا، اس ضمن میں 10جنوری کو پرتگالی فٹبالر لیوس فیگو اور برازیلین کھلاڑی ریکارڈو کاکا نے کراچی کا دورہ بھی کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی