لاہور‘یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں سپورٹس گالااختتام پذیر

لاہور‘یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں سپورٹس گالااختتام پذیر

لاہور( لیڈی رپورٹر ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں ’’انٹر کیمپسز سپورٹس گالا2019ء‘‘ تین روز تک اپنی تمام تررعنائیوں کے ساتھ جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم تھے، جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد طلبہ و طالبات کی ذہنی و جسمانی صحت کے لئے بے حد ضروری ہے۔ طلباء کو چاہیے کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی وطن عزیز کا نام روشن کریں۔ ہم اپنے طلباء کی ذہنی و فکری آبیاری کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی صحت پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور ہر سال سپورٹس گالا کا اہتمام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے طلباء نے گزشتہ تین روز کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ہمیں امید ہے کہ ہم کھیلوں کے میدان میں بھی اپنے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر عمر سلیم نے تمام ٹیموں کو بالعموم جبکہ جیتنے والی ٹیموں کو خصوصی مبارک باد دی۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ تین روزہ تقریبات کے دوران کلچرل شو اور کلاسیکی و صوفی موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا، جسے طلبہ و طالبات کے علاوہ حاضرین نے بے حد سراہا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی