الحمرا ء ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ، میرامشن لاہور کی ثقافتی پہچان کوبحال کرنا ہے ، توقیرناصر

الحمرا ء ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ، میرامشن لاہور کی ثقافتی پہچان ...
 الحمرا ء ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ، میرامشن لاہور کی ثقافتی پہچان کوبحال کرنا ہے ، توقیرناصر

  

لاہور (فلم رپورٹر)معروف اداکار چیئرمین الحمراء بورڈ آف گورنرز توقیر ناصر نے کہا ہے کہ میں نے لاہور آرٹس کونسل میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کئے ہیں ۔اس وقت الحمراء ثقافتی سرگرمیوں کا گڑھ بن چکا ہے ۔میرا مشن لاہور کی ثقافتی پہچان کو بحال کرنا ہے اس حوالے سے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔لاہور آرٹس کونسل کے اشتراک سے پیش کئے جانے والے بامقصد اور اصلاحی ڈرامے بہت پسند کئے جا رہے ہیں ۔توقیر ناصر نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی مایوس ہونا نہیں سیکھا۔آنے والے وقت میں الحمراء کی ثقافتی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ میرا بچن ڈیرہ غازی خان میں گزرا اور بچن میں بہت شرارتی تھا ، ابتدائی تعلیم ڈیر ہ غازی میں حاصل کی اوربعد میں مظفر گڑھ سے گریجو ایشن کی اور اس وقت مجھ میں اداکاری کا شوق پیدا ہوچکا تھا اور بعد میں پنجاب یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن کیا ۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مجھے مہدی حسن ، ڈاکٹر وارث میر جیسے استاد ملے ، پروفیسر وارث میر کمال شخصیت کے مالک تھے وہ بہترین استاد تھے وہ باپ اوربڑے بھائیوں کی طرح ہم سے پیش آتے تھے ان سے ہماری دوستی تھی اور ان کو لطیفے بڑے یادتھے وہ ہمیں ہنساتے بھی تھے اور و ہ ہمیں رولا بھی دیا کرتے تھے جب وہ ہمارے پیپر مارک کیا کرتے تھے ،میری زندگی میں پنجاب یونیورسٹی اور ان کے اساتذہ کا سب سے بڑا ہاتھ ہے ۔توقیر ناصر نے کہاکہ اس وقت ہماری انٹر ٹینمنٹ فلم ہوتی تھی اورہم دوست مل کر فلم دیکھنے جاتے تھے ، اس وقت سینما گھرو ں میں اتنا رش ہوتا تھا کہ ٹکٹ لیتے ہوئے ہمارے کپڑے تک پھٹ جاتے تھے اور بڑی مشکل سے ٹکٹ ملتی تھی ۔توقیر ناصر نے کہا کہ جب میں ٹیلی ویژن کی دنیا میں داخل ہوا تو یہی میرا سب سے بڑا کمال تھا ۔اس وقت لاہور اورکراچی ٹی وی سینٹر تھے اور میں نے پہلا ڈرامہ پچا س منٹ کا کیا جس کا نام ’’پرواز ‘‘تھا اس کے بعد میری شوبز کی دنیا میں پرواز کا عمل شروع ہوگیا ۔ میرا پہلا سین سینئر اداکارہ سلیم ناصر (مرحوم )کے ساتھ تھا ۔ ڈرامہ سیریل پناہ ، محبت ، لنڈا بازار ، دریا ، دلیراور لال عشق یادرگار ڈرامہ سیریلز ہیں ۔ ڈرامہ سیریل دریا میں سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کاموقع ملا جس میں ثمینہ پیر ازادہ ، عثمان پیر زادہ شامل تھے ،اس ڈرامہ سیریل میں مجھے پی ٹی وی کے پروڈیوسر محمد عظیم نے متعارف کروایا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مزاحیہ فنکار وہ عظیم اداکار ہیں جو روتے ہوؤں کے چہروں پر خوشیاں لاتے ہیں اور میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔توقیر ناصر نے کہاکہ اظہار قاضی اور اسماعیل شاہ مرحوم کو میں نے ہی شوبز کی دنیا میں متعار ف کروایا اور جس دورمیں میں ٹی وی میں کام کیا کرتاتھا اس وقت روزانہ پی ٹی وی لاہورسنٹر کے باہر 200سے 300نوجوان موجود ہوتے تھے۔

جو کسی نہ کسی طرح ٹی وی سٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کرتے تھے لیکن میں ان خوش قسمتوں میں سے ایک تھا جس کے شروع میں ہی کامیابیاں حصے میں آئیں۔

مزید : کلچر