پسماندہ علاقوں کی ترقی مشن ، عوام کا معیار زندگی بلند کیا جائیگا: عثمان بزدار
ملتان ‘ڈیرہ غازیخان(سپیشل رپورٹر،نیوز رپورٹر ‘نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا جائے تاکہ وہاں کی عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جا سکے اور احساسِ محرومی کا ازالہ کیا جا سکے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پنجاب حکومت 61 ارب 88 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ لیہ اور تونسہ شریف کے درمیان زیر تعمیر برج کو شاہراہ کے ذریعے شور کوٹ موٹر وے انٹرچینج سے منسلک کیا جائے گا۔ ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا نوٹی فکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ ٹرائبل ایریا کی بارڈر ملٹری پولیس کی کیپسٹی بلڈنگ کرنے، پولیس ملازمین کی ترقیاں کرنے اور بی ایم پی میں 533 خالی آسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ یہ ہدایات انہوں نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کیں۔ کمشنر ڈی جی خان ڈویژن طاہر خورشید نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے بریفننگ دی جبکہ ڈیرہ غازی خان کے تمام محکموں کے ڈویژنل سربراہان اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان شاہراہ کو 31 مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں سڑکوں کی تعمیر کے دوران ٹریفک کے لئے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ڈیرہ عازی خان میں سڑکوں کی تعمیر کی وجہ سے شہریوں کی طرف سے ٹریفک مسائل کی شکایات آ رہی ہیں جس کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ڈی جی خان کے مضافات میں زیر تعمیر سڑکوں کی تعمیر جلد مکمل کیا جائے۔ تونسہ شریف میں زیر تعمیر سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ تعمیر کئے جائیں، پانی کی نکاسی کے لئے ڈرین رکھے جائیں اور سڑکوں کی کارپیٹنگ کی جائے۔ سردار محمد عثمان بزدار نے کہا کہ سخی سرور سے رونگھن روڈ کو 6 ماہ میں مکمل کیا جائے اور ہیڈ تونسہ بیراج کے ہیڈ نمبر22 سے براستہ ہیرو اور بستی مکول تونسہ شریف تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے جس سے تونسہ شریف جانے کے لیے فاصلے کم ہو جائیں گے اور وقت کی بچت ہو گی، انہوں نے ہدایت کی کہ فورٹ منرو سٹیل برج کا کام 31 مارچ تک مکمل کیا جائے۔ ڈی جی خان نادرن بائی پاس پر کام کا جلد آغاز کیا جائے۔ انہوں نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں سیف سٹی پراجیکٹس پر کام تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کے لئے ڈولفن فورس کی نفری فراہم کر دی گئی ہے۔ تونسہ شریف میں سیف سٹی پراجیکٹ اور ڈولفن فورس کے لئے ایک ہی جگہ تعمیر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس میں 27 سال سے ترقیاں نہیں کی گئیں اور ملازمین ترقی پائے بغیر ریٹائر ہو گئے ہیں جو کہ نا انصافی ہے۔ ٹرائبل ایریا میں امن و امان کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کے لئے ریکروٹمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے اور بھرتی کا عمل شفاف بنایا جائے ۔ ڈی جی خان آفیسر کلب میں کمیونٹی سنٹر تعمیر کیا جائے اور ڈویژن کی 75 واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کر کے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جائے اور شہر کے چوکوں کو خوبصورت بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے اور آئی سی یو وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھائی جائے۔ ہسپتالوں میں نرسز کی بھرتی کیلئے واک ان انٹرویو کا طریقہ اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غازی میڈیکل کالج میں ٹرائبل ایریا کیلئے کوٹہ رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کے دوران بتایا کہ پچھلی حکومت نے موبائل ہیلتھ کا ماہانہ کنٹریکٹ 30 لاکھ روپے میں کیا تھا جبکہ موجودہ حکومت نے یہ ٹھیکہ صرف تین لاکھ میں دیا ہے۔ کمشنر ڈی جی خان طاہر خورشیدنے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں جاری 477 منصوبوں پر 85فیصد ترقیاتی کام مکمل کر لیا گیا ہے اسی طرح مظفر گڑھ ، ڈی جی خان روڈ کا کام 75 فیصد سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کام 74 فیصد اور بی زیڈ یو بہادر کیمپس لیہ کی بلڈنگ کی تعمیر کا کام 89 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈویژن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے 319 منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں راجن پور میں 64، لیہ 42 مظفر گڑھ 120 اور ضلع ڈی جی خان کے 93 منصوبے شامل ہیں۔
عثمان بزدار