عوام مہنگائی کے عذاب سے دوچار جبکہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیاجارہاہے:امیر العظیم

عوام مہنگائی کے عذاب سے دوچار جبکہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں ...
عوام مہنگائی کے عذاب سے دوچار جبکہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیاجارہاہے:امیر العظیم

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سمیت پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ انتہائی افسوس ناک امرہے ،تحریک انصاف کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے عوام پہلے ہی مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہیں جبکہ وزیر خزانہ اسد عمرمزید مہنگائی بڑھنے کی نوید سنا رہے ہیں،حکمرانوں کے اقدامات ہی ان کے دعوؤں کی نفی کر رہے ہیں ۔

منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےامیر العظیم  نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں،غریب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید ٹیکس لگاکرظلم کیاجارہاہے،یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں،مہنگائی میں ہو شر با اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں پر قابوپانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے،ملک کی صرف5فیصد اشرافیہ وسائل پر قابض ہے اور باقی 95فیصدعوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے،بے روزگاری کے باعث اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،اقرباء پروری اور سفارشی کلچر نے میرٹ پر پورااترنے والے افراد کی صلاحیتوں کو زنگ آلود کردیا ہے،نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع ناپید ہوچکے ہیں۔امیر العظیم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنایا ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیاں ان وسائل سے فائدہ اٹھارہی ہیں،ملکی معیشت بڑھوتری کی بجائے تنزلی کاشکارہے،کسادبازاری عروج پر ہے،سودی معاشی نظام نے ہمیں تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے،جب تک اسلامی طرزمعیشت کو اختیار نہیں کرلیتے ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور