ممبئی میں ریلوے سٹیشن کا پل ٹوٹنے سے ہلاکتیں

ممبئی میں ریلوے سٹیشن کا پل ٹوٹنے سے ہلاکتیں
ممبئی میں ریلوے سٹیشن کا پل ٹوٹنے سے ہلاکتیں

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں ریلوے سٹیشن پر قائم اوور ہیڈ برج ٹوٹنے کے باعث2 خواتین سمیت  5 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئےہیں ،15 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے چھتر پتی شوا جی مہاراج ٹرمینس ریلوے سٹیشن پر اوور ہیڈ برج شام کے وقت ٹوٹا ۔ یہ ممبئی کا مصروف ترین ریلوے سٹیشن ہے اور اوور حادثہ اس وقت پیش آیا جب دفاتر کی چھٹی کا ٹائم ہوتا ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پل گرنے کے باعث ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد جنوبی ممبئی کو شہر سے جوڑنے والے حضرت مخدوم مہائمی ڈھائی کلومیٹر طویل فلائی اوورکو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے،اس پل سے کئی ہزار افراد روزانہ گزرتے ہیں،حادثے کی وجہ سے پورے ممبئی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے ۔

ریلوے سٹیشن پر کام کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ گرنے والا اوور ہیڈ برج انتہائی خستہ حالت میں تھا جس کی آج (جمعرات کو) صبح کے وقت مرمت کی گئی تھی ۔ ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ کے مطابق پل کی ایک سلیب ٹوٹ گئی تھی جس کے باعث حادثہ پیش آیا، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

مزید : بین الاقوامی