سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:حافظ عمار یاسر

سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے ...
سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:حافظ عمار یاسر

  

لاہور (صباح نیوز) صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر اور وزیر ماحولیات محمد رضوان کی سربراہی میں سیکر ٹری مائنز کے آفس میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پرسیکر ٹری مائنز عامر اعجاز، سیکر ٹری ما ئنز اسد گیلانی، ایم ڈی پنجمن میا ں شہزاد رفیع،ڈائریکٹر جنرل ظفر جاوید ملغانی،ڈائریکٹر انفرمیشن محمد حفیظ،ڈائریکٹر ایڈمن ہدایت اللہ نیازی،ڈائریکٹر سمال مائنز محمد رمضان، ڈائریکٹر فیسیلیٹیشن اور ڈائریکٹر ریسورس مپینگ محمد ایوب بھی موجود تھے۔

حافظ عمار یاسر نے کہا کہ محکمہ معدنیات کو بہترین پالیسیوں کی بنا پر مستقبل کا کار آمد محکمہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے،صوبہ بھر میں معدنیات کی تلاش کا کام جاری ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سا منے آئے ہیں اور جلد ان مقامات پر معدنیات حاصل کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا،جلد محکمہ ماحولیات کے ساتھ باہمی مشاورت اورمشترکہ طریقہ کار کے ذر یعے آلودگی کے خاتمہ کے لئے حکمت عملی بنائیں گے تاکہ جن علاقوں میں معدنیات حاصل کرنے کا کام جاری ہے وہاں پر ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہو سکے، زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے کے لئے لیز ہولڈر کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہو ں نے کہا کہ محکمہ معدنیات میں افسران و ملازمین کی ترقی کا عمل کار کردگی سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔ سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چنیوٹ میں معدنیات کی تلاش کے لئے پانچ مقامات کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ان پانچ مقامات پر ترکی اور پاکستان کے مایہ ناز انجنئیرزبا ہمی مشاورت اور رضا مندی سے لوہا، سونا اور دیگر معدنیات کی تلاش میں پوائنٹس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے مالا مال کیا ہے۔گزشتہ ادوار میں ملکی و غیر ملکی فرموں نے پاکستانی معدنیات کو مال مفت سمجھ کر اپنی تجوریاں بھریں اور اپنی من پسند غیر ملکی فرموں کو اونے پونے ٹھیکے دئیے اور قیمتی معدنیات وہ فرمیں بغیر کسی ٹیکس کے باہر لے گئیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں معدنیات کے کھوج کے لئے مختلف اضلاع میں سائیٹس منتخب کر لی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں اپنی کرنسی اور دیگر معدنیات کی بنا پر دنیا بھر میں اپنا تشخص قائم کرے گا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور