ریما عمر کا ماضی میں کالعدم تنظیموں کی حمایت کرنے والے حکومتی وزراءکو اہم مشورہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار ریما عمر نے کہاہے کہ اب بہتر یہی ہوگا کہ جن وزرا ءکی جانب سے کالعدم تنظیموں کی حمایت کی جاتی رہی ہے ، ان کوچاہئے کہ اپنے موقف کی تردید کریں ،وزراءکونکالنا مسئلے کاحل نہیں ہوگا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ریماعمر نے کہا کہ بلاول کی وزراءکو نکالنے والی تجویز درست نہیں ہے ، ہمار ی ریاستی پالیسی رہی ہے کہ ہم نے نان سٹیٹ ایکٹرز کا استعمال کیا ، سانحہ اے پی ایس کے بعد ریاستی پالیسی بدلی اور اس پر ایکشن بھی ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ اب کالعدم جیش محمد جیسی تنظیموں پر بھی ریاست کی پالیسی بدلی ہے اور اس پر ایکشن بھی لیا جائے گا، اب بہتر یہی ہوگا کہ جن وزرا ءکی جانب سے ان تنظیموں کی حمایت کی جاتی رہی ہے ، ان کوچاہئے کہ اپنے موقف کی تردید کریں ،وزراءکونکالنا مسئلے کاحل نہیں ہوگا ۔ان کا کہنا تھاکہ چائنہ کی طرف سے باربار مولانا مسعود اظہر کےخلاف سلامتی کونسل میں قرارداد اس لئے ویٹو کردی جاتی ہے کہ چائنہ چاہتاہے کہ پاکستان اور بھارت کوخود اس حوالے سے اپنے معاملات کوحل کرنا چاہئے ۔